ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور میں گؤ چوری پر روک لگانے کا مطالبہ۔ بھوک ہڑتال تیسرے دن میں داخل۔ شرن پمپ ویل نے لگائے یوٹی قادر پر الزامات

مینگلور میں گؤ چوری پر روک لگانے کا مطالبہ۔ بھوک ہڑتال تیسرے دن میں داخل۔ شرن پمپ ویل نے لگائے یوٹی قادر پر الزامات

Tue, 03 Apr 2018 20:17:36    S.O. News Service

منگلورو 3؍اپریل (ایس او نیوز) گؤچوروی پر روک لگانے اور گائیں بے روک ٹوک اسمگل کیے جانے کا مسئلہ اجاگر کرنے کے لئے ٹی جی راجا رام بھٹ کی سرکردگی میں کچھ لوگ یکم اپریل سے تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

بھوک ہڑتال ستیہ گرہ کے تیسرے دن وشوا ہندو پریشدکے ڈیویژنل سیکریٹری شرن پمپ ویل نے پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار برسوں سے الال اور کوناجے میں گائیں چوری کی جارہی ہیں۔ بے روک ٹوک گایوں کی اسمگلنگ ہورہی ہے اور غیر قانونی ذبح خانے بے خوف ہوکر چلائے جارہے ہیں۔ شرن نے درپردہ وزیر غذا یوٹی قادر پرالزام الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس کے پیچھے مقامی ایم ایل اے اور وزیر کا ہاتھ ہے۔

خیال رہے کہ راجا رام بھٹ نے پونیا کوٹی نگر میں واقع ’امریتا دھارا ‘ گؤ شالہ سے مبینہ طور پر زبردستی گائیں چرالے جانے والوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے یکم اپریل سے بھوک ہڑتال ستیہ گرہ کا سلسلہ شروع کیا ہے جس کا ساتھ نبھانے کے لئے تیسرے دن سنگھ پریوار کے 100سے زیادہ رضاکار اس مہم میں شامل ہوگئے ہیں۔

شرن پمپ ویل نے کہا کہ گؤ شالہ کی رکھوالی کرنے والوں کو دھمکا کروہاں سے گائیں چرالے جانے کی وشواہندوپریشد اور بجرنگ دل کی جانب سے سخت مذمت کی جاتی ہے۔حالانکہ اس غیر قانونی گؤ کشی اور اسمگلنگ کے بارے میں متعددبار پولیس اور ضلع انتظامیہ کو مطلع کیا گیا ہے مگر اس کو روکنے کی سمت میں کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔شرن نے مزید کہا: ایسا لگتا ہے کہ ضلع انتظامیہ سیاسی دباؤ کی وجہ سے سماج کے ایک طبقے کے ساتھ سوتیلا سلوک کرنے پر تلی ہوئی ہے۔کیونکہ کوناجے پولیس اسٹیشن کے حدود میں ہی گؤ چوری کے سلسلے میں 25ایف آئی آر درج کیے جاچکے ہیں ،متاثر ہ افراد کی طرف سے بھوک ہڑتال شروع ہوکر تین دن گزر گئے لیکن اس علاقے کی نمائندگی کرنے والے ریاستی وزیر نے اس سلسلے میں کوئی بیان تک جاری نہیں کیا۔اس سے محسوس ہوتا ہے کہ ایسی غیر قانونی سرگرمیاں انجام دینے والوں کو وزیر کی پشت پناہی حاصل ہے۔

دوسری طرف تادم مرگ بھوک ہڑتال سے ماحول کو گرم ہوتا ہوا دیکھ کر گؤ شالہ سے گائیں چرائے جانے کا معاملہ منگلورو پولیس نے سٹی کرائم برانچ کے حوالے کیا۔ سی سی بی ٹیم نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے بھوک ہڑتال پر بیٹھے راجارام بھٹ سے معلومات حاصل کیں ۔سی سی بی کاکہنا ہے کہ اس نے تفتیش آگے بڑھاتے ہوئے گائیں لے جانے کے لئے استعمال کیا گیا ایک آٹو رکشہ ، موٹر سائیکل اور ایکٹیوا اسکوٹرمنجیشور سے ضبط کرلیا ہے۔

اس کے علاوہ منجیشور کے ایک گھر میں ذبح کیے گئے ایک بڑے جانور کے باقیات دستیاب ہونے پر پولیس نے اس گھر میں رہنے والوں کو پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لے لیا ہے۔


Share: